نئی دہلی، 7 ؍دسمبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )سستی ایئر لائنس انڈیگو نے اپنے اس طیارے کے دو پائلٹوں کو ملازمت سے ہٹا دیا ہے جس میں مغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتا بنرجی سوار تھیں اور جس کے بارے میں ترنمول کانگریس نے الزام عائد کیا تھا کہ ایندھن کی کمی کے باوجود طیارے کو لینڈ کروانے میں ترجیح نہیں دی گئی۔انڈیگو کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ڈی جی سی اے کے ساتھ بات چیت اور تفتیش مکمل ہونے تک فلائٹ 6 -ای 342کے پائلٹوں کو پرواز سروس سے ہٹا دیا گیا ہے۔ایئر لائنس کی جانب سے کہا گیا کہ ہوا بازی ریگولیٹری ڈی جی سی اے کی تفتیش مکمل ہونے تک دونوں پائلٹوں کو بحال نہیں کیا جائے گا۔پارلیمنٹ میں ترنمول کانگریس کے ارکان کی طرف سے اس معاملہ پر ہنگامہ کئے جانے کے بعد حکومت نے کہا تھا کہ شہری ہوا بازی ڈائریکٹوریٹ(ڈی جی سی اے)نے معاملے کی تحقیقات شروع کر دی ہے۔ایئر لائنس کی جانب سے کہا گیا کہ انڈیگو سیکورٹی محکمہ کی مدد سے ریگولیٹری اس معاملے کی تحقیقات کر رہا ہے۔ایئر لائنس نے کہا کہ اس کی طرف سے ڈی جی سی اے کی گائڈ لائن پر ہمیشہ عمل کیا جاتا ہے اور انڈیگو کی فلائٹ کے کپتان نے ریگولیٹری کی طرف سے مقرر کئے گئے کوالٹی آپریٹنگ طریقہ کار(ایس او پی)پر پوری طرح عمل کیا تھا اور کسی بھی موقع پر کپتان نے ایندھن کی ضرورت یاایمرجنسی صورت حال کا اعلان نہیں کیا تھا ۔ترجمان نے کہاکہ اس معاملے میں ریگولیٹری کی ضروریات کی کوئی خلاف ورزی نہیں کی گئی، ڈی جی سی اے کے ساتھ اس معاملے پر تفصیلی بات چیت جاری ہے۔